گوہاٹی، 30جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آسام کے پارلیمانی امور کے وزیر چندر موہن پٹواری نے پیر کو کہا کہ ریاست میں گزشتہ پانچ سالوں میں سرکاری ڈاکٹروں کے خلاف تشدد کے 29 معاملے سامنے آئے۔وہ اسمبلی میں بی جے پی کے رکن نمل مومن کی طرف سے پوچھے گئے سوال کا وزیراعلیٰ سربانند سونووال کی جانب سے جواب دے رہے تھے۔پٹواری نے کہاکہ 14 معاملات میں کل 52 لوگ گرفتار کئے گئے۔چارج شیٹ دائرکی گئی اورآخری رپورٹ میں پانچ معاملے واپس کر دیئے گئے جبکہ دس مقدمات میں تحقیقات زیر التواء ہے۔انہوں نے کہاہے کہ ڈاکٹروں پرایسے حملے روکنے کے لیے پولیس کی تعیناتی اور گشت شروع کرانے جیسی ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے۔انہوں نے کہاکہ ایسے حملوں کو روکنے کے لیے ضلع کے پولیس انسپکٹر جنرل نے تھانوں اورچوکیوں کے حکام کو سرکاری اسپتالوں کی نگرانی کی ہدایت دی ہے۔اور اس سلسلے میں بیداری ریلیاں بھی نکالی جاتی ہیں۔